🌹 حمد باری تعالیٰﷻ 🌹
زمیں سما اور مِہر و مَہ میں، ہر اک مکاں میں عیاں ہیں جلوے
جہاں کے ہر ایک رنگ میں توﷻ، نظر سے پھر کیوں نہاں ہیں جلوے
کوئی تو غَش کھا کے گِر گیا ہے، کوئی کَراں کو پہنچ گیا ہے
ہیں موسٰی یاں، واں حبیبﷺ تیرا، یہاں نہاں، واں عیاں ہیں جلوے
نوائے داؤد ہے کہیں اور کہیں ہے ذکرِ جمالِ یوسف
عصا سے موسٰی و دستِ عیسی سے تیرےﷻ ہی تو عیاں ہیں جلوے
ہیں خاک میں جو خزانے تیرےﷻ، بتا رہے ہیں جمال تیراﷻ
تُوﷻ آب کو ہے بنائے گوہر، ہر ایک شئ میں عیاں ہیں جلوے
جہاں جہاں یہ نظر گئی ہے، وہاں کی ہر شئی میں توﷻ ہی توﷻ ہے
فلک پہ مینہ کے بعد رنگیں نظاروں میں بھی عیاں ہیں جلوے
رِدائے ظلمت اُٹھا کے دیکھوں، نظر کو دل میں گُھما کے دیکھوں
پَر اَبرِ عصیاں ہے میرے اندر، وگرنہ تیرےﷻ عیاں ہیں جلوے
مسافروں کے جو کارواں ہیں، کیوں مُدّتوں سے رواں دواں ہیں
ہُوئی شناسائی، در پہ تیرےﷻ جبینِ خَم میں عیاں ہیں جلوے ۔
𝑀 𝑅𝒾𝓏𝓌𝒶𝓃 𝐴𝓫𝓫𝓪𝓼𝓲 .🖋️📝
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں